فیول کی عدم فراہمی کے باعث لوڈشیڈنگ کے “کے الیکٹرک ” کے دعوے کی تردید

539

 وزارت توانائی کے ترجمان نے کے الیکٹرک کے ان دعووں کی سختی سے تردید کی ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے فیول کی عدم فراہمی کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مؤجب بنی ہے۔

ترجمان وزارت توانائی نے کہا کہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس سند ھ میں ہونے والے اجلاس میں کے الیکٹرک نے تسلیم کیا کہ انکو 190ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی بجائے اضافی 100ایم ایم سی ایف ڈی کے ساتھ اب کل 290ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے۔

 ٹیم نے اس ضمن میں فوری اقدامات اور اسکے نتیجے میں اضافی بجلی کی پیداوار  کی بھی تصدیق کی، لہذا کسی اورفورم پر ایندھن فراہمی کو پورے لوڈشیڈنگ کے ساتھ نتھی کرنا اور اس ملاقات میں وفاقی حکومت کی طرف سے اضافی گیس ملنے کی تصدیق کرنا سراسر کراچی کے عوام کو حقائق سے محروم  رکھنے کی مترادف ہے ۔

ترجمان نے مزید اسی ہائی پروفائل میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی عدم فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹریک کی دوہرے پن کو اس سے بھی جانچا جا سکتا ہے کہ اسی میٹنگ کے دوران انکی ٹاپ منیجمنٹ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ملکی پیداوار کا 80فیصد فرنس آئل پٹرولیم ڈویڑن کی خصوصی مداخلت کی وجہ سے انکو مل رہا ہے۔

مزید برآں ترجمان نے کے الیکٹرک کی طرف سے اسی میٹنگ کے دوران حکومت پاکستان کی طرف سے 650میگاوٹ کی بجائے 800میگاواٹ بجلی کی بھی دستیابی اور انکے اپنے سسٹم کی 750میگاواٹ سے زیادہ نہ اٹھانے کی سکت کی تصدیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صاف ظاہر ہےکہ کے الیکٹرک نے اپنے بجلی تقسیم کار سسٹم میں مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اب اگر وفاقی حکومت زیادہ بجلی بھی انکو دینے کیلئے تیار ہے تو کے الیکٹرک کو سالہا سال اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے میں لگ جائیں گے،ایندھن کی فراہمی تو ایک طرف انکا سسٹم تیار بجلی لینے سے بھی قاصر ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ مذکورہ میٹنگ میں کے الیکٹرک نے مانا کہ ان تمام تر اقدامات کے باوجود جس میں ایندھن کی فراہمی اور وفاقی حکومت کی طرف سے اضافی بجلی کی فراہمی بھی شامل ہے،ان کے سسٹم کو پیک ٹائم میں 100سے200میگاواٹ کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کیلئے انکو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو 1000میگاواٹ بجلی دینے کی آفر بھی کی ہے تاہم اسکے لیئے انکو مطلوبہ 500کے وی گرڈ بنانا پڑے گا اور سسٹم پرسرمایہ کاری کرنی پڑے گی۔

ترجمان نے کہا کہ اس میٹنگ میں یہ طے ہوا ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو مزید 500ٹن فرنس آئل فراہم کرے گی تاکہ انکا پرانا بن قاسم پلانٹ اس پر چلایا جا سکے اور اس پلانٹ کی گیس سائٹ اور کورنگی پاورپلانٹس کو دی جائے تاکہ وہاں سے اضافی 200میگاواٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہو سکے جس کی بدولت لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔