لاہور: کورونا کا زور ٹوٹنے لگا، متعدد اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز خالی

576

لاہور میں کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کا زور ٹوٹنے لگا سرکاری اسپتالوں کے آئی سی یو بیڈز ووینٹٰی لیٹرز خالی ہیں۔

لاہور کے محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 10روزمیں تشویشناک مریضوں کی تعداد 50 فیصد تک کم ہوگئی ہے، لاہورکے 16 سرکاری اسپتالوں میں 110آئی سی یو بیڈز و وینٹی لیٹرز خالی ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرز کا مجموعی آکوپینسی ریٹ 38 فیصد تک رہ گیا جبکہ سرکاری اسپتالوں میں 499 ہائی ڈیپنڈینسی بیڈز میں 400 خالی اور ہائی ڈیپنڈینسی بیڈز کا مجموعی آکوپینسی ریٹ 19.8  فیصد ہے۔

تفصیلات کے مطابق میو اسپتال کے 50وینٹی لیٹرزمیں 39 خالی جبکہ 11 پرمریض ہیں، میو اسپتال کے 227 ہائی ڈیپنڈینسی بیڈز میں سے 195 خالی،32 پر مریض جبکہ پی کے ایل آئی میں 20 وینٹی لیٹرزمیں 10 خالی اور 10 پر مریض ، پی کے ایل آئی میں ایچ ڈی یو  کے 16 بیڈز میں سے 11 خالی اور 5 پر مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق جناح اسپتال کے 15 وینٹی لیٹرز میں سے 6 خالی اور 9 پر مریض، سروسز اسپتال کے 32 وینٹی لیٹرز میں سے 14 خالی اور 18 پر مریض جبکہ جنرل اسپتال کے 20 وینٹی لیٹرز میں سے 10 خالی اور 10 پر مریض زیرعلاج ہیں۔