اسپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس پر کام شروع ہوچکا: عثمان بزدار

455

لاہور: صنعت و تجارت کت فروغ کے لیے پنجاب حکومت نے اقدامات شروع کردیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 13 اسپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس پر کام شروع ہو چکا ہے، قیام پاکستان سے اب تک صرف 3 اسپشل اکنامک زونز بنائے گئے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے وہ اصلاحات متعارف کرائیں جو شو باز 70 سال میں بھی نہ کر پاتے۔

انہوں نے کہا کہ اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس 10 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہوں گی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل آباد میں دو سو ایکڑ پر ہیلتھ سٹی اور لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں سائنس و ٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان زونز میں ٹیکنالوجی انڈسٹری اور بزنس کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں امریکہ، چین، روس، کوریا، جاپان اور یورپی یونین کے ملٹی نیشنلز سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں، پاکستان کاروبار کے لیے انتہائی سازگار ماحول اور ٹیکسوں کے سب سے آسان ڈھانچے کو یقینی بنائے گا، ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ‘میڈ ان پاکستان’ کے منصوبوں کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنایا، آج اگر نہ ہوتے تو پاکستان میں سینی ٹائزر سے ماسک تک یا تو مل ہی نہیں رہے ہوتے یا بلیک ہو رہے ہوتے، آج اپنی ضرورت بھی پوری ہو رہی ہے جب کہ کروڑوں کی ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔