جاوید ہاشمی پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے،ترجمان پنجاب حکومت

140

لاہور(نمائندہ جسارت) پنجاب حکومت کے ترجمان مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی ،ریاستی اداروں اور عدلیہ کیخلاف شر انگیز پریس کانفرنس پر جاوید ہاشمی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہیے ، اگر مسلم لیگ (ن) کی قیادت سیاست کے ’’داغی ‘‘کی پریس کانفرنس کے پیچھے نہیں تو انہیں اپنی وضاحت دینی چاہیے ،جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس پر22کروڑ عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے،یہ ان کا ملکی سالمیت کے اداروں پرپہلا حملہ نہیں بلکہ تسلسل ہے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ کون سا میڈیا سیل اور گروپ جاوید
ہاشمی کی صورت میں اس طرح کے ’’آئیڈیاز‘ ‘سامنے لاتا ہے ،ایسا لگتا ہے کہ ن لیگ نے پاکستان کے مخالفوں سے اتحاد کر رکھا ہے ،پریس کانفرنس کی ٹائمنگ کی بڑی اہمیت ہے ،مقبوضہ کشمیر اور لداخ کی موجودہ صورتحال میں پریس کانفرنس کے نکات اور خصوصاًٹائمنگ اہمیت کی حامل ہے ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی نے جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی جس میں مطالبہ ہے کہ جاوید ہاشمی کیخلاف ملک دشمنی پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔