دورہ انگلینڈ قومی کرکٹ ٹیم کا 14روزہ قرنطینہ آج مکمل ہوگا

149

 

ووسٹر (جسار ت نیوز)انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کا 14روزہ قرنطینہ آج مکمل ہو گا اور قومی ٹیم کل ووسٹر سے ڈربی چلی جائے گی،جہاں کچھ دن ٹریننگ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم یکم اگست کو مانچسٹر روانہ ہوگی جہاں پہلا ٹیسٹ 5سے 9اگست تک اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق میزبان انگلینڈ سے3ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ ووسٹر میں بائیو سیکیور ماحول میں قرنطینہ کررہا ہے،وہاں ہیڈ کوچ مصباح الحق اور معاونین کے زیرنگرانی ٹریننگ اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کا سلسلہ بھی جاری ہے،14روز قرنطینہ میں گزارنے کے بعد مہمان کرکٹرز اور آفیشلز پیر کو ڈربی روانہ ہوں گے،وہاں بھی ٹریننگ کے ساتھ پریکٹس میچز بھی شیڈول ہیں،یکم اگست کو مانچسٹر روانگی ہوگی جہاں پہلا ٹیسٹ 5 سے 9اگست تک اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔ووسٹر میں موجود قومی ٹیم کا دوسرا2روزہ انٹرسکواڈ پریکٹس میچ جاری ہے ،جو آج بھی جاری رہے گا، یہاں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے بعد ٹیم پیر کوڈربی جائے گی۔گزشتہ روز بیٹنگ کی خصوصی مشق کیلیے ماربل سلیب کا استعمال کیا گیا، پھسل کر تیزی سے آنے والی گیندوں کا سامنا ایک چیلنج رہا، پیسرز نے لائن اور لینتھ بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، شاداب خان اور عماد وسیم سمیت اسپنرز نے عمدہ بولنگ کے گر سیکھے۔