لینڈ مافیا سے پلاٹ پر قبضہ واگزار کرایا جائے، عبدالقادر

220

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) گوٹھ غلام حسین لونڈ کے رہائشی عبدالقادر ولد دوست علی لونڈ، محمد ذوالفقار لونڈ، علی لونڈاور بلال لونڈ نے نیشنل پر یس کلب ٹنڈوالہٰیار پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ مافیا کے لوگ گائوں میں خالی جگہوں پر قبضہ کرتے پھررہے ہیں۔ ذوالفقار لونڈ اور بلال لونڈ نے کہا کہ میرے والدین سعودی عرب میں رہتے ہیں اور برسوں میں گوٹھ آتے ہیں، اس کے باوجود ہمارے ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے عاشق حسین ولد حاجی خان لونڈ نے ہمارے پلاٹ پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرلیا ہے اور ہماری دکان کی دیوار توڑ کر سامان بھی چوری کرلیا ہے، جب ہم اپنے گائوں میں پلاٹ پر جاتے ہیں تو لینڈ مافیا کے افراد ہمیں قتل کرنے اور جانی و مالی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انصاف کے لیے ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار اور حد کے ایس ایس ایچ کو بھی درخواست دی لیکن پولیس کی جانب سے کوئی تعاون نہیں کیا جارہا اور نہ ہی انصاف فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جائز حقوق کے لیے در در کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن کوئی بھی ہماری فریاد سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس، آرمی چیف، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہٰیار، ڈی ایس پی جھنڈو مری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور قبضہ مافیا سے فوری طور پر قبضہ خالی کرا کر پلاٹ واپس کروایا جائے۔