ٹنڈو آدم،آٹے کی قیمت پر انتظامیہ اور چکی مالکان میں اختلاف

207

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میں آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا، 55 روپے کلو تک فروخت، انتظامیہ و چکی مالکان میں تکرار، آٹا حکومتی نرخ پر فروخت کرنے کے لیے دباؤ، محکمہ خوراک منظر سے غائب، چکی مالکان کا احتجاجی مظاہرہ۔ حکومتی سطح پر آٹے کے نرخ 43 روپے فروخت کے بجائے چکی مالکان 50 تا 55 روپے تک فروخت کرنے لگے، جس کے باعث مزدور طبقہ سخت اذیت میں مبتلا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کی ہدایت پر مختارکار نے فلور ملز اور چکی مالکان کو طلب کر کے آٹا 43 روپے فروخت کرنے کے احکامات دیے تھے، جس پر آٹا چکی مالکان نے حکومتی نرخ پر آٹا فروخت کرنے سے انکار کردیا۔ صورتحال کے پیش نظر چکی مالکان نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی سپلائی جاری نہیں کی گئی جس کے باعث آٹا مہنگا فروخت کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ہم نے گندم اپنے ذاتی خرچ سے 45 روپے میں خریدی ہے، حکومتی نرخ پر کس طرح فروخت کرسکتے ہیں۔ محکمہ خوراک گندم کی سپلائی جاری کرتی ہے تو آٹا حکومتی نرخ پر فروخت کریں گے۔