خزانہ خالی کرنے والے وزیراعظم کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں‘ امیرالعظیم

204
لاہور: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم سستے تنور کا افتتاح کر رہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہاہے کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ہمیں قومی کے خزا نہ خالی ملا، حالانکہ جنہوںنے خزانہ خالی کیا تھاوہ وزیراعظم کی دائیں بائیں اپنی کابینہ میں رکھاہواہے ۔جماعت اسلامی لوگوں چندے اور عطیات لے کر خدمت خلق کے بڑے بڑے کام کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی ہسپتال ، ڈسپنسریاں ، سستے تنور لگارہی ہے ۔ اے حکمرانو! تمہارے ہاتھ میں تو قومی کے خزانے ہیں لیکن تم قوم کی خدمت اس لیے نہیں کر سکے کہ اپنے دائیں بائیں آٹا ، چینی ، پٹرول مافیا کو پناہ دے رکھی ہے اور ان کے مفادات کی تکمیل کے لیے حکومت دن رات خدمت کر رہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انھوںنے شمالی لاہور کے علاوہ مصری شاہ میں الخدمت سستا تنور کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، الخدمت فائونڈیش لاہور کے صدر عبدالعزیز عابد ، الخدمت شمالی لاہور کے صدر زاہد شباب بٹ ، حافظ عمران الحق ، حافظ عبدالرحمن صدر جے آئی یوتھ شمالی لاہور ، حاجی عبدالمنان ، سیف الرحمن بھی موجود تھے ۔ امیر العظیم نے کہاکہ قوم اس وقت بنتی ہے جب صالح لوگوں کو وہ اقتدار کے منصب پر فائز کرے وگرنہ کرپٹ ، مفاداتی سیاست کے حامل افراد ووٹ لینے کے بعد بھول جاتے ہیں اور بر ملا کہتے ہیں کہ ہمیں خزانہ خالی ملا ہے ۔ پچھلے حکمرانوں کی وجہ سے ملک و قوم پر مصیبتیں ہیں ۔ آج یہی باتیں کہتے کہتے 72 سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ۔ملک و قوم ہر محاذ پر تنزلی کی طرف اور ان کے اثاثے کوہ ہمالیہ کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور کابینہ کے افراد پچھلے حکمرانوں کی کابینہ میں تھے ، آپ کس کو بے وقوف بنانے پر تلے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کے مخلص افراد کے ہاتھ میں قومی خزانے آ جائیں تو ملک میں حقیقی تبدیلی آ جائے گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی خدمت خلق کے منصوبوں کی تعداد پورے لاہور میں مزید بڑھائے گی ۔ الخدمت دستر خوان اور تندور سے شہریوں کے لیے سستی روٹی کا حصول جماعت اسلامی و الخدمت کا حقیقی کارنامہ ہے ۔