پارٹی رکنیت معطلی پر عظمیٰ کاردار نے جواب جمع کرادیا

127

لاہور (این این آئی) تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے ہاتھ دھونے والی رکن پنجاب اسمبلی عظمی کاردار نے کمیٹی کو اپنا جواب جمع کرادیا جس میں انہوں نے آڈیوکال لیک کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی اجازت مانگ لی ہے، بتایا گیا ہے کہ عظمیٰ کاردار نے اسمبلی رکنیت بچانے کیلیے پارٹی کو تحریری اپیل جمع کرانے کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔ کمیٹی کو اپنے جواب میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ میرے خلاف سازش کرنے والوں نے آڈیو کو توڑ موڑ کر پیش کیا، آڈیو کال نجی گفتگو تھی جس میں دوسرے فریق کی آواز کو ہٹا کر پیش کیا گیا۔ عظمیٰ کاردار نے جواب میں لکھا کہ نجی گفتگو کو میرے خلاف عوامی سطح پر استعمال نہیں کیا جاسکتا، سب جانتے ہیں کہ 8 سال سے پارٹی کی وکالت کر رہی ہوں اور اس دوران کبھی کوئی غلط لفظ اپنے منہ سے نہیں نکالا۔ میری نجی گفتگو کو غیر قانونی طریقے سے ریکارڈ کرنا شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے، اگر پارٹی اجازت دے تو آڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج کرائوں۔ عظمیٰ کاردار نے مزید لکھا کہ میرے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے قانونی پہلوئوں کو نظر انداز کیا گیا کیونکہ میرے حوالے سے کسی نے کوئی درخواست بھی دائر نہیںکی۔