بنی گالہ کے سلطان اپنی بدعنوانی پر پردہ نہیں ڈال سکتے،پلوشہ خان

99

اسلام آباد(آن لائن) پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ اجمل وزیر ڈرامے سے بنی گالہ کے سلطان اپنی بدعنوانی پر پردہ نہیں ڈال سکتے عمران خان کے وزیر نے ادویات کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا ، گندم اور چینی کا بحران پیدا کرکے لوٹ مار کرنے والے تاحال عمران خان کی کابینہ میں ہیں۔ اجمل وزیر تو غلام ہے، کرپشن کا اصل منبع بنی گالہ کے پہاڑپر قائم سیسلین مافیا کی طرز پر بنایا ہوا محل ہے۔ پی ٹی آئی کی عظمیٰ کاردار کی آڈیو گفتگو بھی بنی گالہ کی کرپشن کی نشاندہی کرتی ہے، علی زیدی بنی گالہ کا کمائو پوت ہے اس لیے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی،کرپشن پرشاہ محمود قریشی کے خلاف کیا کارروائی ہوئی ہے؟ نیا پاکستان ہا ئو سنگ اسکیم میگا کرپشن اسکینڈل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر وزارت یہاں تک کہ نیب میں بھی اپنے معاونین رکھے ہیں جن کے ذریعے لوٹ مار کا بازار گرم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزویلٹ ہوٹل کی نیلامی کے پیچھے بھی اصل کردار علیمہ خان کا ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ اجمل وزیر کو قربانی کا بکرا بناکرعہدے سے ہٹانے کا ڈرامہ فلاپ ہو چکا ہے ۔