امارات ائر لائنز کا 9ہزار ملازم برطرف کرنے کا فیصلہ

349

دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں میں شمار کی جانے والی امارات ائر لائن نے کورونا وائرس کے معاشی اثرات کے باعث 9 ہزار ملازمتیں کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ائر لائن کے صدر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ خراب معاشی صورتِ حال کے باعث انہیں یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم دیگر ائرلائنز کی طرح کام نہیں کر سکتے کیوں کہ ہمارے زیادہ تر مسافر اب جا چکے ہیں اور موجودہ حالات میں انہیں جلد واپس لانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہنا بھی غلط نہیں ہوگا کہ آنے والے کچھ وقت میں شاید ہم 10 سے 20 فیصد ہی پر کام کررہے ہوں گے۔ فضائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق ہمیں کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے بھاری خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے نتیجے میں ہم اپنا عملہ محدود کرنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی امارات ائر لائن کے عملے کی کل تعداد تقریباً 60 ہزار ہے اور یہ پہلے ہی اپنی مجموعی افرادی قوت میں سے 10 فیصد ملازمین کو برطرف کر چکی ہے۔ کمپنی میں مجموعی طور پر 270 طیارے شامل ہیں اور عالمی سطح پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے کمپنی نے مارچ میں اپنا آپریشن روک دیا تھا۔ انٹرنیشنل ائرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے کہا ہے کہ عالمی وبا کے نتیجے میں ائرلائنز کو سالانہ 8 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے جو اس صنعت کی تاریخ کا سب سے بڑا خطرہ ہے۔