امریکا: مسیحی تنظیموں نے حکومت سے ڈیڑھ ارب ڈالر حاصل کرلیے

279

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے رومن کیتھولک چرچ نے وفاقی قواعد سے خصوصی چھوٹ کے تحت تقریباً ایک ارب 40 کروڑ ڈالر حاصل کیے ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اس خطیر رقم میں کروڑوں ڈالر ان مسیحی عبادت گاہوں کو دیے جائیں گے، جنہوں نے جنسی اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد ہرجانے میں بھاری رقوم ادا کیں یا دیوالیہ ہونے کا اعلان کرکے مالی تحفظ حاصل کیا تھا۔ یہ رقم ٹیکس گزاروں کے پیسوں سے قائم کورونا وائرس امداد سے دی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وفاقی حکومت کے رواں ہفتے جاری ڈیٹا سے اتنی رقم کا سراغ لگایا گیا ہے، تاہم امکان ہے کہ یہ رقم ساڑھے 3 ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذہبی تنظیمیں عام طور پر امریکا کی اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن سے رقوم حاصل نہیں کرسکتیں لیکن معیشت کے زوال اور بیروزگاری کی شرح میں اضافے کے بعد کانگریس نے مذہبی تنظیموں اور فلاحی اداروں کو تنخواہوں کے تحفظ کے پروگرام میں شامل کرلیا گیا تھا۔ کیتھولک چرچ کی تنظیموں، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کے لیے اب تک ساڑھے 3 ہزار قرضے منظور کیے جاچکے ہیں۔ یہ وہ قرضے ہیں جو تنخواہوں، کرایوں اور بلوں کی ادائیگی میں خرچ کیے جانے کی صورت میں معاف کردیے جائیں گے۔