جماعت اسلامی آج شارع فیصل پر کے-الیکٹرک کیخلاف دھرنا دے گی

557

کراچی: جماعت اسلامی شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بدترین اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور ٹیرف میں ظالمانہ اضافے پر کے-الیکٹرک کے خلاف آج شارع فیصل پر دھرنا دے گی۔

گزشتہ روز جماعت اسلامی نے شہر کے 100 سے زائد مقامات پر کے-الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے تھے جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا تھا۔

جماعت اسلامی کے تحت ضلع غربی میں 25، ضلع ائرپورٹ 14، ضلع گلبرگ میں 7، ضلع ملیرمیں 8، ضلع وسطی میں9، ضلع شمالی7، ضلع جنوبی میں 15، ضلع قائدین میں 8، ضلع کورنگی میں12 اور ضلع شرقی میں 8سمیت 100سے زاید مقامات پر مظاہرے کیے گئے۔

گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی آن لائن سماعت میں شرکت نہیں کرنے دی گئی تھی۔ باقاعدہ درخواست و ای میل اور رجسٹرار آفس میں اس کی تصدیق کرنے اور بار بار فون پر رابطہ کرنے کے باوجود عوامی سماعت کے لیے زوم میٹنگ آئی ڈی اور پاس ورڈ نہیں دیا گیا۔

جماعت اسلامی آج شارع فیصل پر شام 4 بجے دھرنا دے گی جس کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔