کورونا کے باعث بند سیندک کاپر گولڈ منصوبے پر کام 8 ماہ بعد شروع

261

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے سیندک میں پاک چین اشتراک سے قائم کاپر گولڈ پروجیکٹ پر کام دوبارہ بحال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک چین اشتراک سے قائم سیندک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ میں خام مال بنانے کا کام 8 ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ بحال ہوگیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی کمپنی کے ایم آر ڈی ایل کے چیئرمین ژوپنگ نے کہا کہ سیندک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ پاکستان اور چین کا عظیم منصوبہ اور علاقے میں
خوشحالی کی نوید ہے، حالیہ کورونا وبا کی صورتحال کے پیش نظر منصوبے پر کام معطل رہا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حکومت کے خصوصی تعاون اور دلچسپی سے خام مال بنانے کی مشینیں اور آلات چین سے منگوائے گئے۔ چیئر مین ایم آر ڈی ایل نے کہا کہ سی پیک اور دوسرے عظیم منصوبے پاک چین دوستی کے عملی نمونے ہیں، جن سے خطے میں خوشحالی اور روزگار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔