برطرفی، انکوائری کیخلاف پی آئی اے افسر کی فوری سماعت کی درخواست مسترد

213

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے برطرفی اور انکوائری کے خلاف پی آئی اے کے سابق سینئر اکاؤنٹ آفیسر کی فوری سماعت کی متفرق درخواست مسترد کردی۔ جمعے کو جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے برطرفی اور انکوائری کے خلاف پی آئی اے کے اکاؤنٹس آفیسر آصف علی کی جانب سے دائر درخواست میں فوری سماعت کی متفرق درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کا موکل پی آئی اے میں سینئر اکاؤنٹ آفیسر ہے اور ان کے خلاف گزشتہ 3 سال سے انکوائری چل رہی ہے جبکہ تنخواہ میں بھی گزشتہ 3 سال سے اضافہ نہیں کیا گیا، لہٰذا استدعا ہے کہ انکوائری کو ختم کرنے اور تنخواہ میں اضافے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس خادم حسین ایم شیخ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پی آئی اے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کے بعد کارروائی کی جارہی ہے اور پی آئی اے سے نکالے گئے افراد کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ مداخلت نہیں کرے گی، بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کی فوری سماعت کی متفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔