وزارت داخلہ کو سنتھیا رچی کیخلاف اپیل کا فیصلہ کرنے کی ہدایت

198

اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو سنتھیا رچی کے خلاف درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ 15 جولائی تک فیصلہ کرکے عدالت کو آگاہ کرے، وزارت داخلہ قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست کا فیصلہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق
پیپلز پارٹی نے ویزہ کی معیاد ختم ہونے پر سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست دائر کی ہے،وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ جبکہ پٹیشنر کے وکیل لطیف کھوسہ پیش ہوئے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفار کیاکہ وزارت داخلہ نے کیا آرڈر پاس کیا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے وکیل نے پیش ہوکر وقت مانگا ہے، ہم فیصلہ کرنے کے لیے تیار تھے لیکن پٹیشنر کے پیش نہ ہونے پر معاملہ لٹک گیا۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہاکہ ہم وزارت داخلہ گئے تھے اپنا کیس بھی جمع کرا دیا ہے۔ چیف جسٹس نے وزارت داخلہ حکام کو ہدایت کی کہ عدالت کی ہدایت کی ضرورت نہیں، آپ خود بھی فیصلہ کر سکتے ہیں، ہم کیس اس لیے وزارت داخلہ کو بھیجا تاکہ ان کا کنڈکٹ دیکھیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کردی۔