لاہور، یاسمین راشد کی ایکسپو سینٹر سے متعلق خبروں کی تردید

103

لاہور (آن لائن) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال لاہور سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے امتناع وبائی امراض آرڈیننس 2020کے تحت لاہور ایکسپو سینٹر میں بنائے جانے والے فیلڈ اسپتال پر حکومت پنجاب کی جانب سے نہ تو کوئی فضول خرچی کی گئی اور نہ ہی کرائے کی مد میں کوئی رقم واجب الادا ہے۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ کورونا وبا کو انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دینے کے بعد مریضوں کی سہولت کی خاطر حکومت پنجاب نے قرنطینہ سینٹرز اور فیلڈ اسپتالوں کا آغاز کیا تاہم ایکسپو سینٹر میںپنجاب کا سب سے
بڑا کورونا فیلڈ اسپتال قائم کیاگیا۔ تمام پروکیورمنٹ کا عمل شفاف اور قانونی طریقہ کار کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ مارچ میں لاک ڈائون کے باعث تمام تقریبات پر پابندی عاید کی گئی اورشادی ہالز سمیت ایکسپو سینٹر کو بھی ہر قسم کی تقریبات کے لیے مکمل بند کردیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ضلعی انتظامیہ نے حکومت کے فیصلے کے مطابق ایکسپو سینٹر کی عمارت کو ہنگامی بنیادوں پر فیلڈ اسپتال میں منتقل کیا۔