قرآن وسنت کے نظام کیلیے امت کا اتحاد ناگزیر ہے‘ حسین محنتی

227

کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قرآن وسنت کے نظام کے لیے امت کا اتحاد ناگزیر ہے‘آج ایک امت کے تصور کوآگے بڑھانے کی ضرورت ہے‘ملک وقوم جس بحران سے دوچار ہے‘ سازشوں کو ناکام اوراتحاد ویکجہتی کے ذریعے بنیادوں کو مضبوط ،ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کو محفوظ بنایاجاسکتاہے‘ دینی مدارس کی
طلبہ تنظیم جمعیت طلبہ عربیہ جماعت اسلامی کا ہراول دستہ اورمسالک سے بالاترہوکر طلبہ میں دینی شعوراجاگر،اتحاد امت اورانہیںاقامت دین کی جدوجہد کے لیے تیارکرنے کا اہم فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے قبا آڈیٹوریم میں جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے نومنتخب منتظم صوبہ محمد افضل اورامین صوبہ فریداحمد ہاشمی کی زیرقیادت ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔نائب امیرصوبہ عبدالغفارعمر،قیم کاشف سعید شیخ اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی موجود تھے۔منتظم صوبہ نے صوبائی قیادت کو جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کی تنظیم سازی،سالانہ منصوبہ عمل سمیت رفتارکار سے آگاہ کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ دین کی تعلیم حاصل کرکے دین کوہی مقصد زندگی بنانے والے دنیا وآخرت میں سرخرو ہوں گے‘دینی مدارس دین کا سرچشمہ اورانسانوں کی اصلاح کے مراکز ہیں‘پاکستان کا قیام بھی انہی مقاصد کے لیے ہواکہ یہاں قرآن و سنت کا نظام ہوگامگرغیروں کے غلام حکمرانوں نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو فراموش کردیا‘یہاں مندر، گردوارہ قوم کے پیسوں اورحکومتی سرپرستی میں بن سکتا ہے مگرمسجد ومدرسہ بنانے پرپابندی ہے ‘اگریہی کچھ ہوناتھاتوپھرلاکھوں شہداء کی قربانی وآزادی کا مقصدکیاتھا؟ صوبائی امیرنے زور دیا کہ جمعیت عربیہ دینی مدارس کے طلبہ کی تعمیری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے کردار ادا کرے‘جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس کی اہم وملک گیر تنظیم اورامت کی امیدوں کا مرکزہے۔