ستمبر سے انٹرنیشنل ہاکی مقابلوں کی بحالی کا اعلان

253

اسلام آباد(جسارت نیوز)انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ)نے ہاکی مقابلوں کی بحالی کا اعلان کردیا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایف آئی ایچ پرو لیگ ستمبر میں بحال ہوجائے گی، پہلا میچ 22 ستمبر کو جرمنی اور بیلجیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔دنیا بھر میں کوروناوائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کئی کھیل معطل اور منسوخ کیے گئے۔ہاکی کے انٹرنیشنل ایونٹ بھی مارچ سے معطل ہیں لیکن اب ہاکی کی عالمی تنظیم نے ستمبر میں گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کردیا ہے۔22 ستمبر کو جرمنی اور بیلجیم کے درمیان پرو لیگ کا میچ کھیلا جائے گا، ایف آئی ایچ نے پرو لیگ سائیکل کو پہلے ہی ایک سال کیلئے بڑھادیا تھا۔ صدر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نریندر بترا کا کہنا ہے کہ کھیل کو مزید معطل نہیں رکھ سکتے 2021 میں کئی ایونٹس کا انعقاد ہونا ہے ،ہاکی کھیلنے والے دنیا کے تمام رکن ممالک کھیل کی بحالی چاہتے ہیں، پرو ہاکی لیگ جسکا اختتام جون 2020 میں ہونا تھا اب جون2021 تک جاری رہے گی ،کورونا عالمی وباء ہے ہمیں اسکے ساتھ جینا اور اپنی معمولات زندگی بحال رکھنی ہے ، کھیل کے دوران کورونا سے بچائو کی تمام احتیاتی تدابیر کا خیال رکھا جائیگا ۔