انگلینڈ میں رنز بنانا آسان کام نہیں ،سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف

196

اسلام آباد (جسارت نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کیلیے اپنا نام روشن کرنے کا ایک اچھا موقع ہے کیونکہ انگلینڈ میں رنز بنانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا، دورہ انگلینڈ کے دوران حیدر علی سے امیدیں وابستہ ہیں امید ہے کہ وہ جلد دنیا کے ٹاپ بیٹسمینوں میں شامل ہوجائیں گے۔ نجی ویب سائٹ کو انٹرویو میں محمد یوسف نے کہا کہ ان دنوں ہر کوئی حیدر علی کے بارے میں بات کر رہا ہے، مجھے امید ہے کہ وہ بابر اعظم کی طرح تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کے ٹاپ بلے بازوں میں شمار ہوں گے، بابر نے ماضی قریب میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، دورہ انگلینڈ میں سب کی نگاہیں ان پر ہوں گی۔ انہوں نے خود کو فٹ رکھا اور وہ اپنی کھیل پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسد شفیق اور اظہر علی نے گزشتہ ٹورز کے دوران انگلینڈ میں رنز بنائے ہیں، امید ہے کہ وہ اس بار بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، یہ سیریز قومی اسکواڈ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کیلئے اپنا نام روشن کرنے کا ایک اچھا موقع ہے کیونکہ انگلینڈ میں رنز بنانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ انگلینڈ کے پاس جیمز اینڈرسن، اسٹوارٹ براڈ، جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور کرس ووئیکس جیسے عمدہ بولرز موجود ہیں، اینڈرسن گرین کیپس کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہوں گے، تجربہ کار پیسر 600 وکٹیں حاصل کرنے کے قریب ہیں، اگر کنڈیشنز سازگار ہوئیں توان کا سامنا بہت مشکل ہوگا۔محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بہت اچھا ہے، ماضی میں محمد عباس نے یو اے ای کی مردہ وکٹوں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شاہین آفریدی اپنے کھیل میں مستقل طور پر بہتری لا رہے ہیں، نسیم شاہ اور شاہین شاہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں کرتے ہیں، انگلینڈ کی تیز پچز پر یہ بائولرز خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔