شہبازشریف میری پارٹی کے آدمی ہیں،جوکہوں گا وہ کریں گے،شیخ رشید

218

اسلام آباد( نمائندہ جسارت ) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف میری پارٹی کے بندے ہیں وہ جیسا کہیں گے ویسا ہی کرینگے۔ آئندہ انتخابات سے قبل ایسا جھاڑو پھیریں گے کرپشن کا مکمل طورپر خاتمہ ہوجائیگا۔ ایم ایل ون عمران خان کی حکومت میں بنے گی اور عمران خان پانچ سال پورے کرینگے ۔ریلوے حادثات ایم ایل ون مکمل ہونے کے بعد ختم ہوجائینگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جولائی اہم مہینہ ہے نیب کو ٹارزن کے اختیارات ملے ہیں۔ نیب تمام گندے سیاسی نمائندوں کو ختم کردے گی ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کا تمام نیا ڈھانچہ بننے جارہا ہے، اتنا نوکریاں آرہی ہیں کہ ریٹائرڈ ملازمین بھی دوبارہ آسکتے ہیں اورجلد بلٹ ٹرین بنے گی جو 160سے لیکر
200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی ۔مزدوروں کے بچوں کوبھی نوکریاں ملیں گی ۔شیخ رشید نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے نوے فیصد مزدور پاکستان سے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پور ے کرینگے اور اپوزیشن صرف ٹاک شوہی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن سے قبل ایسا جھاڑو پھرے گا کہ تمام کرپٹ ٹولے کا خاتمہ ہوجائیگا، ٹی وی چینل ختم ہوجائینگے اور صرف انٹرٹیمنٹ شروع ہوجائیگی۔ چیف جسٹس کے فیصلے کے بعد پاکستان بدلنے جارہا ہے، میں موت کے منہ کو ہاتھ لگا کر آیا ہوں چودہ وزارتیں میرے پاس رہی ہیں اتنی وزارتیں شاہد ہی کسی کے پاس ہوں مگر ہسپتالوں کی موجودہ حالت جو اب ہے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ میرے لیے کورونا انجکشن اور پلازمے کا بندوبست جنرل فیض نے کیا ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف میری پارٹی کا بندہ ہے جیسا کہیں گے ویسا ہی کرینگے ۔