حیدرآباد:بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے ،جلاو ٔ گھیراؤ ،احتجاج

471

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)شدید گرمی میںبجلی کا بحران اور بارش و سیوریج کا پانی سڑکوںپر جمع ہونے پر شہریوںکا مختلف علاقوںمیں احتجاج اور جلائو گھیرائو، سڑکیں بند،گاڑیوںکی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لطیف آباد نمبر 2میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکینوںکی بڑی تعداد نے گدو چوک پر حیسکو کیخلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے ٹاہر نذر آتش کرتے ہوئے ہوئے سڑک بند کردی جس کے باعث گاڑیوںکی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ لیاقت کالونی، پھلیلی سب ڈویژن کے علاقوںمیں بھی احتجاج کیے گئے ۔ لطیف آباد نمبر5،11,12,4، گاڑی کھاتہ سب ڈویژن کے علاقوں کھوکھر محلہ،
گول بلڈنگ، مکی شاہسمیت دیگر علاقوںمیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوںپر نکل آئے، حیسکو کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکیں بند کردیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیسکوکی نااہلی انتظامیہ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، طویل و غیر اعلانیہ بجلی بندش سے نظام زندگی متاثر ہوگیا ہے، اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔دوسری جانب بارش کو 3 روز گزر جانے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں برسات اور سیوریج کا پانی ہے جو عوام کیلیے مسئلہ بنا ہوا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں پھلیلی، پریٹ آباد،نورانی بستی ، مکرانی پاڑہ، سرکاری کالونیوں، نیو وحدت کالونی، اولڈ وحدت کالونی ، لطیف آباد یونٹ نمبر4،5 سمیت مختلف علاقوں میںسیوریج کاپانی جمع ہے جس سے تعفن اٹھ رہا ہے ۔ مون سون سے قبل نالوں، نالیوں اور گٹر کی صفائی نہ ہونے کے باعث پہلے سے اوور فلو کا شکارگٹروں سے پانی سڑکوں، گلی محلوں میں جمع ہوگیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر کے ڈھکن بھی غائب ہیںجوکسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے ۔نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد سومرو نے مطالبہ کیاہے کہ گھروں سے خواتین وبچوں کا نکلنا مشکل ہوگیا ہے علاقے میں جمع پانی کی نکاسی کو یقینی بنایاجائے ۔