کیا ایف بی آر عمران خان سے پوچھ سکتا ہے ، ٹیکس کم کیوں دیتے ہیں ، سرینا عیسیٰ

298

 

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی اہلیہ سریناعیسیٰ کا کہنا ہے کہ کیا ایف بی آر عمران خان سے پوچھ سکتا ہے کہ وہ مجھ سے کم ٹیکس کیوں دیتے ہیں اور اس کے باوجود 300 کنال کے محل جیسی قیمتی جایداد رکھ کر کس طرح اس کا خرچ برداشت کررہے ہیں۔سرینا عیسٰی کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجھ پر یہ الزام لگایا گیا کہ میں نے 25 جون کو ٹیکس حکام کے نوٹس وصول نہیں کیے جب کہ 25 جون کومیرے والد کا انتقال ہوا تھا، اس جھوٹ کوبنیاد بناکر تذلیل کی غرض سے نوٹس میرے گھر کے دروازے پر چسپاں کیے گئے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ ایف بی آر آفس میں پاؤں کے فریکچر کے
باعث چھڑی کے ساتھ پیش ہوئیں جس پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔سرینا عیسٰی نے کہا کہ میں نے تمام تفصیلات ایف بی آر میں جمع کروادی ہیں لیکن مجھے یہ بھی بتایا جائے کہ یہ تفصیلات کس قاعدے اور قانون کے تحت مجھ سے مانگی جارہی ہیں۔جسٹس قاضی فائز کی اہلیہ نے یہ بھی کہا کہ اپنی جاسوسی سے تنگ آگئی ہوںمسلسل ہراساں اور جھوٹے پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جارہا ہے، عمران خان جیسی ذہنیت کے لوگ مجھے اور بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں، گزشتہ ایک سال سے کسی مجرم کی طرح سلوک کیا جارہا ہے۔