محنت کش استحصالی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ،حافظ نعیم الرحمٰن

181
کے الیکٹرک کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور بدترین لوٹ مارکے خلاف جماعت اسلامی ضلع کورنگی وشمالی کے تحت مظاہروں سے عبدالجمیل خان اور محمدیوسف خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محنت کش معاشرے کا سب سے مظلوم طبقہ ہے ۔سرمایہ دارانہ نظام نے محنت کشوں کا استحصال کیا ہے ۔فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے محنت کش پوری قوت کے ساتھ کام کریں ۔ یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے ذمے داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اور شعبہ محنت کے نگراں ڈاکٹر اسامہ بن رضی بھی موجود تھے ۔جبکہ این ایل ایف کراچی کے وفد کی قیادت این ایل ایف کراچی کے صدر خالد کررہے تھے،جبکہ جنرل سیکرٹری این ایل ایف کراچی قاسم جمال، صغیرانصاری، محمد خالق، عبدالوحید کیانی، محمد سلیم پٹنی اور امیرروان وفدمیںشامل تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ استحصالی نظام نے غریب محنت کشوں کو دیوار سے لگا دیا ہے ۔ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے محنت کشوں سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ۔ لاک ڈائون میں این ایل ایف کراچی نے بھرپور طریقے سے محنت کشوں کی رہنمائی کی ہے اور ا ب ضرورت ہے کہ این ایل ایف کے کام کو شہر کے تمام صنعتی زونز میں پھیلایا جائے۔ ٹریڈ یونینز کے بدعنوان رہنماؤں نے ہمیشہ غریب محنت کشوں کا سودا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکے داری نظام بدترین استحصالی نظام ہے ۔عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود ٹھیکے داری نظام کا وجو دمہذب معاشرے کے منہ پر تماچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایک فیکٹری میں 6-6 ہزار محنت کش ملازمت کر رہے ہیں اور صرف2یا3سو محنت کش رجسٹرڈ ہیں۔ طرفہ تماشا یہ کہ ان غیر رجسٹرڈ محنت کشوں کو کسی بھی قسم کی مراعات نہیں دی جاتیں، نہ ہی ای اوبی آئی سوشل سیکورٹی میںانہیںرجسٹرڈ کیا جاتاہے۔انھوں نے کہا کہ یہ سب حکومت اور محنت کشوں کے اداروں کی سرپرستی میں ہو رہا ہے اور وزارت محنت کو یہ بھی نہیں معلوم کہ کراچی میں کتنے محنت کش رجسٹرڈ اور کتنے غیر رجسٹرڈ ہیں۔