وزیر ہوا بازی کی تقرر سے پی آئی اے پر پابندی لگی ، شہباز شریف

294

 

لاہور(نمائندہ جسارت)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے وزیرہوابازی غلام سرور خان کو پاکستان انٹرنیشنل ائر(پی آئی اے) پر امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک پر پابندی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ وزیرہوا بازی کی ناسمجھ اور کوڑھ مغز تقریر کے نتیجے میں پی آئی اے پر کئی ممالک کی جانب سے پابندی لگی جس میں تازہ
امریکا شامل ہے۔انہوں نے غلام سرور خان کے حوالے سے کہا کہ وہ صرف بری الذمہ ہونا چاہتے تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو بدنام کرنے کے علاوہ پوری ایوی ایشن صنعت کے ساتھ کیا کردیا ہے۔یاد رہے کہ وزیرہوائی بازی نے 30 جون کو پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران انکشاف کیا تھا کہ پی آئی اے کے 150 پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں۔غلام سروری خان نے 22 مئی کو کراچی میں حادثے کا شکار جہاز کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہوئے پائلٹس کے جعلی لائسنسز سے آگاہ کیا تھا۔بعد ازاں یورپی یونین اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک نے پی آئی اے پر پابندی عائد کردی تھی۔گزشتہ روز امریکا نے بھی پی آئی اے کی بڑی تعداد میں خصوصی پروازوں کے لیے دی گئی اجازت ختم کردی تھی۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے ڈپارٹمنٹ آف سیفٹی اینڈ سیکورٹی (یو این ڈی ایس ایس) نے پاکستانی ائرلائن کو اپنی ‘تجویز کردہ فہرست’ سے ہٹا دیا ہے اور پاکستان میں موجودہ اقوام متحدہ کے عملے کو مئی 2020 میں کراچی میں ہونے والے پی آئی اے کے مسافر طیارہ حادثے کی تحقیقات کے تناظر میں پاکستان میں رجسٹرڈ کسی ائرلائن میں سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔پاکستان میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی تمام ایجنسیوں کو یو این ڈی ایس ایس کے چیف سیکورٹی ایڈوائزر سے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری کے مطابق تجویز کردہ فہرست سے پاکستانی ائر لائنز کی برطرفی ایک عارضی کارروائی ہے جو تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔یو این ڈی ایس ایس کے اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تحقیقات اور اس کے بعد متعلقہ جائزے تک پاکستان میں رجسٹرڈ ائر آپریٹرز کا استعمال بند کردیں۔