فضل الرحمن حکومت مخالف اتحادمضبوط بنانے کیلیے پھر متحرک

162

اسلام آباد ( آن لائن) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن حکومت مخالف اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر میدان میں آگئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے پیپلز
پارٹی اور ن لیگ سمیت حکومتی اتحادی جماعتوں اور اہم سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں اور ٹیلیفونک رابطے کیے،مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد جلد ہی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔ جمعیت علما اسلام کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے آصف زرداری اور بلاول زرداری سے بلاول ہائوس کراچی میں طویل ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین سیاسی امور سمیت حکومت مخالف اتحاد کو مضبوط کرنے پر مشاورت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فضل الرحمن نے حکومتی اتحادی چودھری شجاعت حسین سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے اور ایم کیو ایم رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں ۔ذرائع کے مطابق ن لیگ رہنمائوں سے بھی جے یو آئی سربراہ کے رابطے ہیں اور حکومت مخالف اتحاد کو مضبوط کرنے اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین نے مولانا کو گجرات میں گھر پر آنے کی دعوت دی ہے جیسے قبول کر لیا گیا ہے اور جلد ہی چودھری شجاعت اور مولانا کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے۔