آیا صوفیا نمازیوں کیلئے کب کھلے گی، ترک صدر نے بتادیا

748

استنبول: ترک صدر رجب طیب اردگان نے عدالتی فیصلے کے بعد آیا صوفیا میوزیم کو مسجد میں تبدیل کرنے کے حکم نامہ پر دستخط کردیے ہیں اور کہا ہے کہ 24 جولائی کو نماز جمعہ کے ساتھ بطور مسجد کھولا جائے گا۔

ترک صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا دستخط شدہ حکم نامہ شیئر کیا، جس میں لکھا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد آیا صوفیا کو مسجد میں تبدیل کردیا جائے اور اس میں مسلمانوں کو نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے آیا صوفیا کو ڈائریکٹوریٹ آف مذہبی امور (دیانیٹ) کے حوالے کردیا ہے، جو ترکی میں مذہب سے متعلق امور کو دیکھتی ہے۔

صدر طیب اردوان نے قوم سے خطاب میں آیا صوفیا کی مسجد کی حیثیت بحال ہونے پر مبارکباد دی ہے انہوں نے اعلان کیا کہ آیا صوفیا میں نماز کی باقاعدگی سے ادائیگی 24 جولائی سے شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آیا صوفیا ترکی کا داخلی معاملہ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ دیگر ممالک اسے سمجھیں گے۔ صدر اردوان نے کہا کہ آیا صوفیا میں مسجد کے باوجود غیرملکی اور مختلف مذاہب کے ماننے والے وہاں جاسکیں گے۔