نیب کی کارکردگی مایوس کن اور نیب خود قابل احتساب ہے، سراج الحق

847

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ نیب کی کارکردگی مایوس کن اور نیب خود قابل احتساب ہے۔ن لیگ نے کبھی اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت زمین بوس ہوچکی ہے،حکومتی وزراء خود اپنی ناکامیوں کا اعتراف کررہے ہیں،چینی کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کو گرفتار کرنا ضروری تھا،آج آٹا چینی اور پٹرول مافیا زیادہ طاقتور ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کا سامنا نہیں کرسکتی، حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں چار پانچ ماہ میں یہ خود ہی ہینڈز اپ کردے گی۔

 سینیٹر سراج الحق نے مزیدکہا کہ یہ بات نہایت تکلیف دہ ہے کہ حکومت عوام کو دھوکہ دینے میں کامیاب ہوگئی۔ ریا ست کو ماں کا کردار ادا کرنا چاہئے مگر جب سے حکومت آئی ہے ہر طبقہ زندگی کے لوگ رو رہے ہیں،احتجاج کررہے ہیں اور حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں،ایک کروڑ 70لاکھ نوجوان بے روز گار ہیں۔

سینیٹر سراج الحق  کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا،حکومت کی کشمیر پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی ہے بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ حکومت کی کشمیر کے حوالے سے کوئی پالیسی ہی نہیں تھی تو زیادہ بہتر ہوگا، جس طرح اقوام متحدہ اورعالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اسی طرح ہمارے حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔