اس نالائق حکومت نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا: سعید غنی

576

وزیر تعلیم سندھ سینیٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ملک کو اتنا نقصان کبھی نہیں پہنچا جتنا اس نالائق حکومت نے پہنچایا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ملک میں پیٹرول کا بحران پیدا کیا گیا جب کہ پاکستان کے علاوہ پوری دنیا میں پیٹرول ملتا رہا۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ پوری دنیا میں پی آئی اے کے آپریشن پر تقریباً پابندی لگا دی گئی ہے، وزرا کے بیانات سے پی آئی اے کوبہت نقصان پہنچا، ملک کو اتنا نقصان کبھی نہیں پہنچا جتنا اس نالائق حکومت نے پہنچایا، قومی ایئر لائن کو زمین بوس کر دیا گیا۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پنجاب میں گندم کا شدید بحران ہے، چینی اسکینڈل پر بھی لوگوں کی جیبوں سے 300 ارب نکالے گئے، وزیراعظم کہتےہیں مافیاز کے خلاف ہیں لیکن جہانگیر ترین کو باہر جانے دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم بحران کے باعث سندھ بھی صورتحال بگڑ سکتی ہے۔

کورونا وائرس لے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ ٹیسٹ کرنا چھوڑ دیں پاکستان میں کورونا زیرو ہوجائے گا، ٹرمپ نے کہا تھا ٹیسٹ کرنا چھوڑ دیں کورونا ختم ہو جائے گا، اس لیے ہم کہتے ہیں ایک امریکی، دوسرا پاکستانی ٹرمپ ہے، انہوں نے ٹیسٹ کرنا کم کر دیئے اور کہا جا رہا ہے کورونا کم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی وفاقی وزیر بن گئے مگر عقل نہیں آئی، علی زیدی کی سوچ ابھی بھی وہی ہے، جن عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں اس میں علی زیدی گواہ بن جائیں۔