رواں سال میں دودھ کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ

932

کراچی : ڈیری فارمز ایسوسی ایشن نے 12ماہ کے اندر دودھ کی فی لیٹر قیمت میں دوسری بار اضافہ کردیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سبزی اور دیگر مصالحہ جات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد ڈیری فارمز ایسوسی ایشن نے بھی اپنی مرضی سے دودھ کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر بڑھا دیے ہیں،جس کے بعد دودھ 120روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہورہاہے۔

دودھ فروش کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے 330 روپے فی من اضافے کے بعد ہم دودھ 120 روپے لیٹر فروخت کررہے ہیں۔

جبکہ کمشنر کراچی کہا کہ دودھ کی قیمت میں کسی اضافے کی اجازت نہیں دی گئی ہے،اگر کوئی سرکاری مقرر کردہ قیمتوں سے زیادہ قیمت پر فروخت کررہاہے قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں کے بوجھ ، سبزیوں اور دیگر مصالحہ جات کی قیمتوں کے بعددودھ کی قیمت  میں بھی اضافہ تشویشناک ہے، مہنگائی کرنے والوں کے خلاف حکومت کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، حکمران مہنگائی پر قابو پانے کے بجائے آپس میں ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ سرکاری دودھ کی مقررہ قیمت 96 روپے فی کلو ہے جبکہ شہر بھر میں 120 روپے فی کلو دودھ فروخت ہورہا ہے، کمشنر کراچی سمیت اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے پراسرار خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔