سانحہ آرمی پبلک اسکول کی انکوائری رپورٹ مکمل کرلی گئی

301

پشاور: سانحہ آرمی پبلک اسکول کی انکوائری رپورٹ مرتب کرکے چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کردی گئی۔

پشاور ہائی کورٹ کےجسٹس محمد ابراہیم خان پرمشتمل انکوائری کمیشن نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی رپورٹ مکمل کر کے چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کردی ہے،تین ہزار صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ انتہائی خفیہ اور سربمہر ہے۔

سانحہ اے پی ایس انکوائری کمیشن کے فوکل پرسن عمران اللہ خان کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول کی انکوئری کمیشن رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کی جائے گی۔ کمیشن کی جانب سے سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سمیت 132 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جن میں 101 پرائیویٹ اور 31 پولیس، آرمی اور دیگر افسران کے بیانات شامل ہیں۔

مذکورہ انکوائری کمیشن سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے شہید بچوں اور اساتذہ کے والدین کی درخواست پر سال 2018 میں قائم کیا گیا تھا۔