جماعت اسلامی کا وفاقی حکومت سے کے الیکٹرک کو اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ

597

کراچی:جماعت اسلامی نے وفاقی حکومت سے کے الیکٹرک کو اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے (کل) ہفتہ کو شارع فیصل پر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے سامنے کے الیکڑک کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاج کیا گیا،اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک 26لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، اس کا لائسنس منسوخ کرکے فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک والوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)دونوں کے الیکٹرک کے اتحادی ہیں اور دکھاوے کا احتجاج کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کی سماعت میں ہمیں شرکت کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، ہم نے  جمعہ کو شہر کے 100سے زائد مقامات پر احتجاج کیا ہے اور ہفتہ کو شارع فیصل پر دھرنا دیں گے۔