جماعتِ اسلامی آج کے-الیکٹرک کیخلاف 100 سے زائد مقامات پر مظاہرے کرے گی

565

جماعت اسلامی کے-الیکٹرک کی جانب سے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور ٹیرف میں اضافے کے خلاف آج 10 جولائی بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر اور شہر کے سو سے زائد مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے جب کہ 11جولائی شام 4 بجے شارع فیصل نرسری پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومتوں میں شامل پارٹیاں کے-الیکٹرک کی سرپرستی کررہی ہیں، حکومت میں شامل جماعتیں کے-الیکٹرک کے خلاف احتجاج کر کے کراچی کے عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ کے-الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی 56 لاکھ تنخواہ لے کر شہر میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں، ECC کا کے-الیکٹرک کی بدترین کارکردگی کے باوجود مرضی کے ٹیرف منظور کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا تھا کہ حکمران چاہتے ہیں کہ قومی خزانے سے کے-الیکٹرک کے ذمے واجب الاداء ادائیگیوں کو پورا کیا جائے اور ابراج گروپ کو فرار ہونے کا محفوظ راستہ فراہم کیا جائے، ہم سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے-الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے۔