حیدرآباد :دوسرہ عالمی آن لائن تجارتی نمائش کا انعقاد

138
حیدرآباد: یورپین امریکن چیمبر کیجانب سے طبی آلات کی دوسری نمائش سے صدر حیدرآباد اسمال ٹریڈرز دولت لوہانہ خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) یورپین امریکن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے اشتراک سے دوسری آن لائن تجارتی و صنعتی نمائش کا چیمبر سیکرٹریٹ کے کانفرنس روم میں انعقادچین کے شہر گائونگ زئو سے ہوا۔ جس میں دنیا بھر سے صنعت و تجارت سے وابستہ کاروباری حضرات نے شرکت کی۔نمائش میں موجودہ صورتحال میں کورونا سے بچائو کے لیے ماسک، کٹس ،طبی و سرجیکل آلات رکھے گئے تھے۔ واضح رہے کہ اِس سے قبل یہ نمائش 24، جون 2020ء کو منعقد ہوئی تھی۔ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کیلیے موجودہ نمائش میں 2گھنٹے کا علیحدہ سیشن مختص کیا گیا۔ نمائش میں حیدرآباد میں سرجیکل اور طبی مصنوعات کے کاروبار سے وابستہ بڑی تعداد میں تاجر حضرات نے شرکت کی۔ نمائش میں ای اے کیم کی صدرمیڈم گائو ین اور جنرل سیکرٹری جوناتھن زہو، چیمبر کے نائب صدر محمد یاسین خلجی، سابق صدر محمد اکرم انصاری اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فارمیسی اور سرجیکل آلات کے کاروبار سے وابستہ تاجروں نے شرکت کی۔ بعدازاں صدر چیمبر دولت رام لوہانہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں موجودہ صورتحال میں سود مند ہیں اور آئندہ بھی اس امر کا اہتمام کیا جائیگا تاکہ تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے نئے کاروباری مواقع اور ان کے کاروبار کو فروغ حاصل ہوسکے۔
تجارتی نمائش