زرمبادلہ کے ذخائر میں 81 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کا اضافہ

177

کراچی (اسٹاف رپورٹر )چین سے لون کی مد میں1ارب ڈالرز موصول ہونے کے بعد گزشتہ ہفتہ کے دوران ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 81 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔3جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 97 کروڑ10لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 18 ارب 79 کروڑ 1 لاکھ ڈالرکی سطح پر پہنچ گئے ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ہفتہ مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر81 کروڑ6لاکھ ڈالرزکے اضافے سے 12ارب4کروڑ16لاکھ ڈالرتک پہنچ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر85 لاکھ ڈالر بڑھ کر 6 ارب 74 کروڑ85لاکھ ڈالر کے ذخائر کی سطح پر پہنچ گئے ۔مرکزی بینک کی اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران مرکزی بینک کو چین سے ایک ارب ڈالرزموصول ہوئے ہیں۔ جبکہ گزشتہ ہفتے مرکزی بینک نے 23 کروڑ 12 لاکھ ڈالرزکی بیرونی سرکاری ادائیگیاں کیں۔