ٹریڈ باڈیز میں عہدیداروں کی معیاد بڑھوانے کی کوشش؟

303

کراچی ا(اسٹاف رپورٹر )ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار گروپ کی جانب سے کرونا وائرس کی آڑ میں اپنی عہدے کی معیاد بڑھوانے کی کوششوں کی مخالفت میں تیزی آتی جارہی ہے اورچیئرمین پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن احمد چنائے نے بھی ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن اوروزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے تجارتی انجمنوں، چیمبرز اور ایف پی سی سی آئی سمیت تمامٹریڈ باڈیز میں جاری انتخابی طریقہ کار کو منسوخ نہ کرنے کی اپیل کردی ہے۔احمد چنائے نے کہا کہ انتخابی عمل میں معاشرتی فاصلے طے کرنا ہوں گے، تجارتی اداروں کو حکومت کے ذریعہ متعارف کرائے جانے والے ایس او پیز پر عمل کرنا چاہئے اور حکومت نے ان ہدایات کو عام کیا ہے جو معاشرتی فاصلے کو یقینی بنانے اور بخار ، سینے میں انفیکشن ، دمہ دل کے امراض،شوگر سے متعلق مسئلے یا کسی بھی دوسرے بڑے وبائی مرض میں مبتلا ہونے سے بچنے کے لئے دی گئیں ہیں۔ احمد چنائے نے کہا کہ پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ڈی جی ٹی او اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے درخواست کی ہے کہ فیڈریشن،چیمبرز اورٹریڈ باڈیز کے عہدیداران کے عہدوں کی مدت میں توسیع نہ کی جائے اور رواں سال کے انتخابات حکومت کی طرف سے رکھے گئے سماجی دوری اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ منعقد کئے جائیں۔