پیٹرولیم بحران میں لگتا ہے کچھ بڑے شامل ہیں،لاہور ہائی کورٹ ،کمیشن کیلیے حکومت سے نام طلب

132

لاہور(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے پیٹرول بحران کی تحقیقات کے لیے اعلی سطح کے کمیشن کے لیے اٹارنی جنرل سے نام طلب کرلیے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے پیٹرولیم بحران سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع سیکرٹری ٹو وزیراعظم، اٹارنی جنرل پاکستان اور چیئرپرسن اوگرا پیش ہوئے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کو کہا گیا تھا کہ اسپیکر سے پوچھ کے بتائیں کہ وہ کمیٹی بنا رہے ہیں یا نہیں، آپ کو کہا گیا تھا کہ اس حوالے سے واضح پالیسی لے کر آئیں، آپ نے بتایا نہیں کہ بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف آپ نے کیا کارروائی کی، جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو کہا کہ آپ کے حکم پر میں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کے سامنے معاملہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پیٹرولیم بحران کے معاملے پر ایسا لگتا ہے کچھ بڑے شامل ہیں۔ بظاہر لگتا ہے آئل مافیا نے فائدہ اٹھانے کے لیے پیٹرول کی قلت پیدا کی۔ حکومت ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاتی ہے لیکن گزشتہ ماہ 26 جون کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔جب تک بحران کے ذمہ دار پکڑے نہیں جائیں گے تب تک بحران پر قابو نہیں پایا جا سکتا ۔ پرنسپل سیکرٹری کے تحریری جواب میں الفاظ کا گورکھ دھندا نظر آتا ہے، پرنسپل سیکرٹری بتائیں کہ پیٹرولیم بحران پر کب کارروائی شروع ہوئی ؟ بحران کا معاملہ وزیر اعظم کے علم میں کب لایا گیا ؟۔اٹارنی جنرل نے تجاویز پر مبنی رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری ذاتی تجاویز عدالت کے سامنے ہیں اگر عدالت اس میں ردو بدل کرنا چاہے تو کر سکتی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے پیٹرول بحران کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی کمیشن بنانے کے لیے اٹارنی جنرل پاکستان سے نام طلب کرلیے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ مجھے کمیشن میں مضبوط لوگ چاہییں، اٹارنی جنرل کی جانب سے کمیشن کے لیے تجویز کردہ نام بہتر نہ ہوئے تو عدالت نام تجویز کرے گی۔ بادی النظر میں اس حمام میں سب کے کپڑے اتریں گے، اگر کسی سرکاری ریکارڈ کو چھپانے کوشش کی تو سخت کارروائی ہوگی۔