سکھر، موٹر سائیکل سواروں میں تصادم ، بچی سمیت 2جاں بحق ، نہر سے نعش بر آمد

150

 

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں تصادم، بچی سمیت دو افراد جاں بحق، چار افراد زخمی، نازک حالت کے باعث سول اسپتال منتقل، روہڑی کے قریب بائی پاس پر الخادم پیٹرول پمپ کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں چار ماہ کی بچی عائشہ موقع پر ہلاک ہوگئی جبکہ دو خواتین مسمات میہرا اور ساری سمیت پانچ افراد سلطان اعوان، جڑیل، امتیاز زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر روہڑی تعلقہ اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے نازک حالت کے باعث سول اسپتال سکھر لے جایا گیا جہاں پر زخمی امتیاز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے دونوں موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی ہیں۔ سکھر بیراج کے قریب نہر سے خاتون کی لاش برآمد، پولیس اور ایدھی رضاکاروں نے لاش نکال کر اسپتال پہنچا دی، سکھر بیراج کے قریب بیراج سے نکلنے والی نہر دادو کینال سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، اطلاع پر ایدھی سینٹر کے رضاکاروں اور پولیس نے مل کر لاش نہر سے نکال کر فوری طور پر سول اسپتال سکھر پہنچائی تاہم لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس کے مطابق لاش شناخت نہ ہونے پر لاوارث قرار دے کر تدفین کے لیے ایدھی سینٹر سکھر کے حوالے کردی جائے گی، جس کی تدفین سکھر کے نواں گوٹھ کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔