میڈیکل یونیورسٹیاں چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کریں، صدر مملکت

325
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سینیٹ کا اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میڈیکل یونیورسٹیوں کو کوویڈ۔19 جیسے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے تحقیق اور اعلیٰ معیار کے حامل میڈیکل گریجویٹس تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے میڈیکل یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنائیں اور غیر ملکی طلبہ کو بھی مائل کریں۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر تنویر خالق نے صدر مملکت کو طب کی تعلیم کے لیے یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ صدر مملکت نے تحقیق اور معیاری تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹیاں نرسنگ پروگراموں پر توجہ مرکوز کریں اور نرسنگ کے طلبہ کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ ملک میں نرسز کی کمی پوری ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے سینیٹ اور سینڈیکیٹ جیسے گورننگ کے اداروں کو تعلیمی اداروں میں گڈ گورننس کو یقینی بنانا چاہیے۔