پنجاب حکومت مقررہ نرخ پر آٹے کی فراہمی میں ناکام( وزیراعلیٰ کی24گھنٹے کی مہلت )

176

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں 24 گھنٹے کے اندر آٹے کی مقررہ نرخ پر دستیابی کی ڈیڈلائن دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے آٹے کے تھیلے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ خوراک اور انتظامیہ 24 گھنٹے کے اندر مقررکردہ نرخ پر آٹے کی فروخت کے لیے ہر ضروری انتظامی اقدام اٹھائیں اور متعلقہ محکمے آٹے کی سپلائی اور سرکاری قیمت پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیا کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا ، مقرر کردہ قیمتوں سے زاید نرخوں پر آٹے کی فروخت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، زیادہ قیمت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی ریلیز کے بعد آٹا تھیلے کی سرکاری قیمت پر عوام کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کروں گا،حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور انتظامی ادارے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں اور مارکیٹوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔