واشنگٹن : پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام ’ویبنار‘ کا انعقاد

214

واشنگٹن(اے پی پی) امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کے روز واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام ویبنار ہوا جس میں دونوں ممالک کے سینئر عہدیدار اور تعلیمی ماہرین نے آن لائن بحث میں حصہ لیا۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شعبہ تعلیم پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کا سب سے روشن مقام اور شاندار باب ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران نمایاں طور پر امریکا میں کم ہونے والی پاکستانی طلبہ کی تعداد اب بڑھ کر 8 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔امریکی وزیر مملکت برائے تعلیم و ثقافتی تعاون ، میری رائس نے کہا کہ پاکستانی طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا کوہی پہلے نمبر کی منزل سمجھیں۔پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ، ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ امریکی یونیورسٹیوں اور اداروں نے پاکستان کو اعلی تعلیم کے شعبے کو مستحکم بنانے میں مدد دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ویبنار کو2 پینلز میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ پہلا ‘تعلیمی تعاون میں چیلنجز اور مواقع’ کے لئے وقف کیا گیا تھا۔ پینلسٹ میں لیزا ہیلر (اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ) ، ریٹا اختر (پاکستان میں یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر (یو ایس ای ایف پی) ، ڈاکٹر فرحت حق (امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز (اے آئی پی ایس)، اور عاطف قرنی ، (سیکرٹری برائے تعلیم ، ورجینیا)دوسرے پینل میں دو طرفہ تعلیمی تعاون پر کوویڈ-19 کے اثرات کا احاطہ کیا گیا۔ اس میں عادل نجم (بوسٹن یونیورسٹی) ، رضا رومی (اتھاکا کالج ، کورنیل) ، علی خان (ایل یوایم ایس ) ، فرخ خان (ایل یوایم ایس) اور سعید شفقت (ایف سی کالج) سمیت ممتاز ماہر تعلیم شامل تھے۔