پروپیگنڈے کے باوجود اتحادی ساتھ ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

159

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے شدید منفی پروپیگنڈے کے باوجود آج بزدار حکومت کے اتحادی ساتھ کھڑے ہیں، فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی شبانہ روز محنت کے نتائج سامنے آرہے ہیں، سیاسی، انتظامی و عوامی امور کو ایک ساتھ لے کر چلنا سردار عثمان بزدار کا طرہ امتیاز ہے۔ صوبے میں ممکنہ سیلاب سے بروقت نمٹنے کیلیے وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ ادوار میں نام نہاد خادم اعلیٰ سیلاب آنے کے بعد صرف فوٹو سیشن کیلیے پانی میں جا کھڑے ہوتے تھے، آج سالوں بعد پنجاب کی نہریں ٹیلز تک چھوٹے کاشتکاروں کی فصلوں کو سیراب کر رہی ہیں ، انہوں نے بتایا کہ بزدار حکومت کی جانب سے گندم پر ٹارگٹڈ سبسڈی امیر کے مقابلے میں غریب عوام کو بہتر فائدہ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو بے نقاب کرنا، خصوصاً کرپٹوں کے سرغنہ شہباز شریف کی بے لوث اور بے خوف کرپشن اور نااہلی کو سامنے لانا میری اولین ترجیح اور میرا اخلاقی، سیاسی اور قانونی فرض ہے۔ اپنے آفس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگی ترجمانوں سے میرے الزامات، بیانات اور انکشافات کا بروقت جواب نہیں بن پڑتا اسی لیے ن لیگی ترجمانوں کا جواب ایک دن بعد شہباز شریف سے ڈانٹ کھانے کے بعد آتا ہے۔