حکومت ریلیف کے بجائے آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کر رہی ہے

158

لاہور ( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے حکم پر ایک بار پھر بجلی تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہاہے، پی ٹی آئی حکومت عوام کو ر یلیف دینے کے بجائے آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا میں گندم پیدا کرنے والے آٹھویں اور گنا پیدا کرنے والے نویں ملک کو آج آٹے اور چینی کے بحران کا سامنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی این 53 کے وفد سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہاوزیراعظم کے نوٹس لینے کے بعد آٹا اور چینی مارکیٹ سے غائب ہونا شروع ہو گیا ہے، عوام نے پی پی ، مسلم لیگ سمیت سب کو ایک بار نہیں بار ہا آزمایا ہے اور ہر بار ان کی آرزوئوں کا خون ہواہے ‘ ہر حکومت نے عوام کو نئے مسائل اور مصائب سے دوچار کیا،میاں محمد اسلم نے کہا کرپٹ ، بددیانت اور دولت کی ہوس میں مبتلا لوگ ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ، وہ دولت کے بل بوتے پر آتے ہیں اور لوٹ مار کر کے چلے جاتے ہیں، انہیں عوام کے مسائل کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ۔