صنعتوں اورسی این جی اسٹیشنز کی گیس کے الیکٹرک کو دینے کافیصلہ

252

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے لیے کے الیکٹرک کو اضافی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے صنعتوں کے بجلی گھروں کو 3اور سی این جی اسٹیشنز کو 2 روز کے لیے گیس کی فراہمی بند کردی جائے گی۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کی جانب سے سائٹ ایسوسی ایشن اور شہر کی دیگر صنعتی ایسوسی ایشنز کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے لیے وفاقی حکومت کی ہدایت پر کے الیکٹرک کو اضافی گیس کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے صنعتی یونٹس میں قائم کیپٹو پاور پلانٹس کو جمعہ تا اتوار 3روز کے لیے گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔اس دوران صنعتی یونٹس کو گیس سیلز ایگریمنٹ کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے متبادل انتظامات کرنے ہوں گے۔ سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے سی این جی اسٹیشنز مالکان کو بھی اس ضمن میں ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز سی این جی اسٹیشنز کو بھی گیس کی فراہمی 48 گھنٹے کے لیے معطل رہے گی۔ایس ایس جی سی کے مطابق تمام سی این جی اسٹیشنز کو جمعہ کی صبح 8 بجے سے اتوار کی صبح 8 بجے تک مکمل طور پر گیس کی فراہمی بند رہے گی۔دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ، سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عبدالسمیع خان اور سی ای نجی اسٹیشن اوونرز ایسوسی ایشن کے ملک خدا بخش نے اس فیصلے کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نجی ادارے کو فائدہ پہنچانے کے لیے لاکھوں سی این جی صارفین کے مفاد کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس کی 2روزہ بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے غریب عوام پریشان ہوجائیں گے، کے الیکٹرک کو فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار کے احکامات دینے کے بجائے صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کا گلا گھونٹنا انصاف نہیں۔