اپریل سے اسکول کھولنے کیلیے ایس او پیز دے چکے ہیں، صدر پرائیویٹ اسکولز

462

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن(اے پی پی ایس ایف)کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اسکول کھولنے کیلیے اپریل سے ایس او پیز دے چکے ہیں۔

صدر پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن  کاشف مرزا نے کہا کہ تعلیمی ادارے زیادہ ذمےداری کا ثبوت دیتے ہیں اس لیے ہم سینی ٹائزرکرنے کےعلاوہ مستحق طالب علموں کو ماسک بھی دیں گے۔

کاشف مرزا کا مزید کہنا تھا کہ بریک اور اسمبلی کے اوقات ختم کرنے کی تجویز دینے کے ساتھ ساتھ ہم نے تین شفٹیں شروع کرنے کی بھی بات کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں سخت ایس او پیز کے تحت کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث 3 ماہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ اس دوران میٹرک اور انٹر سمیت او اور اے لیولز کے سالانہ امتحانات بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔