سربیا: دوبارہ لاک ڈاؤن کے اعلان پر عوام مشتعل، پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا

281

سربیا کی حکومت کی جانب سے دارالحکومت بلغراد میں 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی اور جمعے سے پیر تک کرفیو کے اعلان پر عوام مشتعل ہوگئے اور پارلیمنٹ ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق سربین حکومت کی جانب سے کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے دوبارہ لاک ڈاؤن کے اعلان پر عوام نے پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کیا اور پولیس کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

دوبارہ لاک داؤن کا اعلان گذشتہ روز صدر کی جانب سے  کیا گیا تھا جب کہ اس حکم نامے میں ملک کے دیگر شہروں میں بھی نافذ کرنے کا عندیہ تھا جس پر شہری مشتعل ہوگئے اور پرتشدد احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو حملے کا نشانہ بنایا۔

شہریوں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھر، بوتلیں برسائیں جس کے نتیجے میں اب تک 12 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ سربیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 341 سے تجاوز کرچکی ہے۔