توقع نہیں تھی عمران خان اداروں کو کام سے روکیں گے، اکبر ایس بابر

881

اسلام اباد: تحریک انصاف کے منحرف رکن اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے توقع نہیں تھی کہ وہ اداروں کو کام سے روکیں گے۔

تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ثبوت کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ تحریک انصاف نے فنڈنگ قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں،فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان سے اداروں کو کام سے روکنے کی توقع نہیں تھی، میرا مقصد تحریک انصاف پر پابندی نہیں جو لوگ ملوث ہیں انکو جوابدہ ہونا چاہیے۔

اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تحریک انصاف کسی شخصیت کے لیے نہیں بنائی تھی، تحریک انصاف اس لیے بنائی تھی کہ یہ لیڈرشپ کے لیے ماڈل ادارہ بنے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں مذکورہ کیس دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ غیر قانونی طور پر غیرملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے ہیں اور یہ رقم غیر قانونی طریقے ‘ہنڈی’ کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔