عید الاضحیٰ پر کورونا وبا سے متعلق احتیاط کو نظر انداز نہ کریں: وزیراعظم

787

وزیراعظم عمران خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں 250 بستر والے آئسولیشن اسپتال کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب کے وزیراعظم عمران خان کو آئسولیشن اسپتال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چینی سفیر، وفاقی وزرا شبلی فراز، اسد عمر و دیگر بھی موجود تھے۔

آئسولیشن اسپتال کی تعمیر سے اسلام آباد کے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔

افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل اور کم وقت میں ایسا اسپتال بنانے پر ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، نیشنل کمانڈ اینڈ آرپریشن سینٹر نے مشکل وقت میں اہم کام کیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عید آرہی ہے قوم سے اپیل ہے کہ وہ نہ ہو جو ہم نے گزشتہ عید پر کیا، گزشتہ عید پر ہم نے لاپروائی کی جس کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیلا، قربانی سے متعلق ایس او پیز بنائے ہیں قوم سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر کورونا وبا سے متعلق احتیاط کو نظر انداز نہ کریں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد بتدریج کم ہو رہی ہے، دیگر ممالک کے نسبت پاکستان میں اس وبا سے اموات کم ہوئیں۔