پولٹری مافیا عوام کو لوٹ رہی ہے،برآمدات بند کی جائیں،شاہد رشید بٹ

239

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ منافع خور مافیا گروپ ملکی نظام اور عوام کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔ مسلسل نوٹس لینے کا سلسلہ ختم کر کے کارروائی کی جائے۔پولٹری مافیاعوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ۔موسم گرما میں مرغی اور انڈے کی قیمت گزشتہ موسم سرما کے مقابلہ میں زیادہ کر دی گئی ہے جس پر کارروائی کی جائے جبکہ قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ہر قسم کی پولٹری برآمدات پر پابندی اورا سمگلنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ پولٹری مافیا نے پہلے ایک منصوبہ کے تحت ہیرا پھیری کے ذریعے چھوٹے پولٹری فارمرز کو دیوالیہ کیا اور میدان خالی ہونے پر عوام کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔جو انڈے سردیوں میں اسی سے نوے روپے درجن تھے وہ اب ایک سو تیس سے ایک سو پچاس روپے درجن میں بک رہے ہیں، زندہ مرغی دو سو تیس سے دو سو ساٹھ تک مل رہی ہے جبکہ مرغی کا گوشت چار سو روپے کے آس پاس بک رہا ہے جو عوام پر ظلم ہے۔ گندم ،شوگر ،فارما ،پٹرولیم ،آئی پی پی، ایل پی جی اور دیگر مافیا گروپس کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر پولٹری سمیت دیگر مافیا گروپوں کے حوصلے بڑھ گئے ہیںجبکہ مختلف شہروں میںآٹے گندم اورٹماٹر کی قلت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض ایف بی آر افسران نے اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے 2018 کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت اثاثے ڈکلیر کرنے والوں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے جو خلاف قانون ہے۔حکومت اس صورتحال کا نوٹ لیتے ہوئے فوری مداخلت کرے ورنہ اس کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔