ریفنڈ ادائیگی کے بغیر پیداوار اور برآمدات میں اضافہ خود فریبی ہے،میاں زاہد حسین

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ، ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سازگار کاروباری ماحول اور ریفنڈ زکی فوری ادائیگیوں کے بغیر پیداوار اور برآمدات میں اضافہ خود فریبی ہے۔کاروباری برادری موجودہ حالات میں توانائی کی بڑھتی قیمتوں ،وائرس کی تباہ کاریوں اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈیمانڈ شاک سے پہلے ہی بہت پریشان ہیں اور ان حالات میں ریفنڈز روکنا انھیں دیوالیہ کرنے کے مترادف ہے۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ برآمدات اور صنعتی روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ٹیکسٹائل سمیت تمام برآمدی شعبے مالی دبائو میں ہیں جس کا حل نکالنا ضروری ہے ورنہ شرح سود میں کمی اور دیگر اقدامات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا ۔